ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مہاراشٹر: ادھو ٹھاکرے کی رہائش گاہ کے باہر ’ہنومان چالیسا‘ پڑھنے کا اعلان کرنے والی رکن پارلیمنٹ نونیت رانا شوہر سمیت گرفتار

مہاراشٹر: ادھو ٹھاکرے کی رہائش گاہ کے باہر ’ہنومان چالیسا‘ پڑھنے کا اعلان کرنے والی رکن پارلیمنٹ نونیت رانا شوہر سمیت گرفتار

Sun, 24 Apr 2022 10:56:38    S.O. News Service

ممبئی،24؍اپریل (ایس او نیوز؍ایجنسی)  مہاراشٹر میں ہنومان چالیسا پر کئی گھنٹوں کے ہائی وولٹیج ڈرامہ کے بعد رکن پارلیمنٹ نونیت رانا اور ان کے رکن اسمبلی شوہر کو گرفتار کر لیا گیا۔ امراوتی سے آزاد رکن پارلیمنٹ نونیت رانا اور ان کے شوہر روی رانا نے ادھو ٹھاکرے کی رہائش گاہ ماتوشری کے باہر ہنومان چالیسا پڑھنے کا اعلان کیا تھا لیکن ہفتہ کی صبح رانا کے گھر کے باہر سینکڑوں شیوسینک جمع ہو گئے۔ شیوسینا کے کارکنوں نے وہاں ہنومان چالیسا بھی پڑھی۔ پہلے تو رانا جوڑا اپنے اعلان پر قائم رہا لیکن جب انہیں کوئی راستہ نہ ملا تو وہ پیچھے ہٹ گئے۔

رانا جوڑے نے کہا کہ وہ فیصلہ واپس لے رہے ہیں کیونکہ کل وزیر اعظم مودی ممبئی تشریف لا رہے ہیں اور وہ اس کی وجہ سے امن و امان فضا خراب نہیں ہونے دینا چاہتے۔ تاہم دیر شام ممبئی پولیس نے ایم پی نونیت رانا اور ان کے ایم ایل اے شوہر روی رانا کو حراست میں لے لیا اور کھار پولیس اسٹیشن پہنچا دیا۔ جہاں بعد میں انہیں دفعہ 153A کے تحت گرفتار کر لیا گیا۔

امراوتی سے رکن پارلیمنٹ نونیت رانا اور ان کے شوہر اور ایم ایل اے روی رانا کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کی رہائش گاہ کے باہر ہنومان چالیسا پڑھنے کا اعلان کرنے کے بعد شیوسینا کے کارکنوں نے ہفتہ کے روز ان کے گھر کے باہر احتجاج کیا۔ شیو سینا کے مشتعل کارکنوں نے رکاوٹیں توڑ کر گھر میں داخل ہونے کی کوشش کی، جس کے بعد پولیس نے کچھ کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ یہاں مظاہرے کے درمیان رانا جوڑے نے فیس بک لائیو پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس وہ دونوں میاں بیوی پوجا کرتے نظر آ رہے ہیں۔ممبئی پولیس نے جمعہ کے روز رانا جوڑے کو منانے کی کوشش کی تھی اور انہیں نوٹس بھی بھیجا تھا لیکن وہ اپنے اعلان پر بضد تھے۔


Share: